ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ 25مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو روانہ، مزید8سے زائد مریضوں کے رزلٹ بھی منفی آئے ہیں اور انہیں بھی جلد گھروں کو روانہ کر دیا جائے گا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، سی ای ا وڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا،ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید، ڈی ایچ او ڈاکٹر غضنفر شفیق سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کی کارکردگی اور متاثرہ مریضوں کی ہمت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے تحفظ کا واحد ذریعہ سماجی رابطوں میں تعطل اورحفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر سمیت ہمارے ضلع کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس او ردیگر طبی عملہ پر ہمیں فخر ہے جو اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری قومی جذبے اور مڈہبی فریضہ کے تحت انجام دے رہے ہیں اور خوش آئند بات ہے کہ ہمارے ضلع میں 32سے زائد کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ صحت یاب ہونے والے مریضوں اور ان کے ورثاء کو تاکید کریں کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر اور حکومت پنجاب و ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے دو مرتبہ ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں اور دونوں مرتبہ منفی رزلٹ آنے پر انہیں حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔محکمہ ہیلتھ کے حکام نے بتایا کہ ضلع میں کورونا کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کے علاج معالجہ میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز و عملہ کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں کورونا کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کو کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
Good news 1
Comments
Post a Comment